میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی کے فنڈز میں کرپشن کا انکشاف، محکمہ اینٹی کرپشن نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی میں سال 2018 سے 2020 تک سرکاری فنڈز میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے اعلیٰ سطحی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر انکوائریز 2 نے محکمہ بلدیات حیدرآباد کے ریجنل ڈائریکٹر کو لیٹر ارسال کیا ہے جس میں سابق متحدہ قومی موومنٹ سے وابستہ دونوں چیئرمینوں فاروق جمیل درانی، کامران شیخ اور سابق سی ایم او سید شفیق شاہ کو 11 نومبر کو کراچی اینٹی کرپشن آفس میں ریکارڈ سمیت طلب کیا گیا ہے، خط میں 2018 سے 2020 تک کے بجٹ اور اخراجات کی مکمل تفصیلات، کورونا کے دوران اخراجات کی تفصیلات، ترقیاتی اسکیموں کے ٹینڈرز کی تفصیلات، عارضی ملازمین کو دی جانے والی اُجرت کی تفصیلات اور ہنگامی حالات میں خرچ کی گئی رقم کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کے پیٹرول پر ہونے والے اخراجات کے علاوہ سال 2016 سال سے 2018.19 کی مکمل آڈٹ رپورٹ سمیت ترقیاتی اسکیموں کے ٹھیکیداروں کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔