میرا مقصد ہاکی کو عالمی سطح پر اس کا کھویا ہوا مقام دوبارہ دلانا ہے: سفیان خان

93

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کے نوجوان ہاکی کھلاڑی سفیان خان نے سال 2024 کا ایف آئی ایچ رائزنگ اسٹار ایوارڈ جیتنے کے بعد عزم ظاہر کیا ہے کہ ان کا مقصد پاکستان ہاکی کو عالمی سطح پر اس کا کھویا ہوا مقام دوبارہ دلانا ہے۔ سفیان خان نے اس ایوارڈ کو اپنے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا تمام تر کریڈٹ وہ اپنی فیملی اور ٹیم کے ساتھیوں کو دیتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ ان کا حوصلہ بڑھایا اور ان کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ لمحہ خاص ہے اور میں اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنی فیملی کو دیتا ہوں جنہوں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا، میرے کوچز اور ٹیم کے ساتھیوں کا بھی ہر موقع پر تعاون رہا ہے۔ پاکستان کے سفیان خان نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا رائزنگ اسٹار ایوارڈ جیت لیا ۔ سفیان نے مزید کہا کہ وہ پاکستان ہاکی کو اس کا وہ مقام واپس دلانے کے لیے پوری طرح سے پرعزم ہیں جو اسے ایک وقت میں حاصل تھا۔ سفیان کا کہنا تھا کہ “پاکستان کا ہاکی میں ایک عظیم مقام رہا ہے اور ہم اسے دوبارہ اسی مقام تک پہنچائیں گے جس کا وہ حق رکھتا ہے”۔ سال 2024 میں سفیان خان نے مختلف ایونٹس میں 12 گولز اسکور کیے جبکہ چین میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں بھی ان کی شاندار کارکردگی نے سب کو متاثر کیا۔ اس ایونٹ میں انہوں نے دو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی جیتا۔ ان کی مجموعی کارکردگی کا یہ تاثر ہے کہ وہ پاکستان ہاکی کے مستقبل میں ایک اہم کردار ادا کریں گے۔