کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ‘سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی کوئٹہ میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنرسندھ اور سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہم بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دہشتگردی کے واقع میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعاگو ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے امن کے لیے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا، قومی امن کو یقینی بنانے کیلیے دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ ناگزیر ہے۔ دریںاثنا شرجیل انعام میمن نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو 147ویں یوم ولادت کے موقع پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کا فکر و فلسفہ انصاف پر مبنی خوشحال معاشرے کے لیے مشعل راہ ہے۔سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنی فلسفیانہ شاعری سے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے آزادی اور اتحاد کی شمع روشن کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم علامہ اقبال کی آگہی، ہمت اور مقصدیت پر مبنی حکمت، وڑن اور انقلابی جذبے کا احترام کرتی ہے، علامہ اقبال کی تعلیمات کا نچوڑ انصاف، مساوات اور ترقی پر مبنی پاکستان ہے۔ سینیر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یوم اقبال کا دن قومی ترقی کے لئے انتھک محنت، ہر تفرقہ کے خاتمے، روشن اور متحد پاکستان کی تعمیر کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔