راولپنڈی:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کسی صورت قابل برداشت نہیں، جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
کوئٹہ دھماکے میں شہید ہونےو الوں کی نماز جنازہ میں شرکت اور اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردی کی کوئی بھی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے پھینکنے تک قوم اور مسلح افواج پُرعزم ہیں۔ آرمی چیف نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف مشن کو پورے قومی عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان اور پاکستان کے خوش حال مستقبل کے لیے دہشت گردوں سے ملک کو پاک کریں گے۔ فوجی اور سول اداروں کی کوششوں کے ساتھ ساتھ پوری قوم کی مستقل حمایت ہی ہمارا عزم اور حوصلہ ہے۔
قبل ازیں خودکش دھماکے کے شہدا کی نماز جنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کی گئی، جس میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزرا اور عسکری و سویلین حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔