ریلوے اسٹیشن دھماکے کے شہدا کی نماز جنازہ  کوئٹہ گیریژن میں ادا، آرمی چیف کی شرکت

144

راولپنڈی:کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر  ہونے والے خودکش دھماکے کے شہدا کی نماز جنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کردی گئی، جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ  میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزرا اور عسکری و سویلین حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے  دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔

آرمی چیف نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی کوئی بھی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے پھینکنے تک قوم اور مسلح افواج پُرعزم ہیں۔ آرمی چیف نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف مشن کو پورے قومی عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان اور پاکستان کے خوش حال مستقبل کے لیے دہشت گردوں سے ملک کو پاک کریں گے۔  فوجی اور سول اداروں کی کوششوں کے ساتھ ساتھ پوری قوم کی مستقل حمایت ہی ہمارا عزم اور حوصلہ ہے۔