مائیکروسافٹ نے اپنے بہت پرانے سافٹ ویئر میں اے آئی شامل کرلی

262

سان فرانسسکو:مائیکروسافٹ نے اپنے ایک پرانے سافٹ ویئرمیں اے آئی کو شامل کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق دنیا کی معروف ترین ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ایک مائیکروسافٹ نے اپنے تقریباً 40 برس پرانے سافٹ ویئر نوٹ پیڈ میں جی اے آئی (جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کو شامل کرکے اسے جدید بنا دیا ہے۔

مائیکروسافٹ نے اس اپ ڈیٹ کے حوالے سے ایک بلاگ پوسٹ میں اعلان کیا ہے، جس میں بتایا ہے کہ نوٹ پیڈ میں ایک نیا فیچر سامنے لایا جا رہا ہے، جسے ری رائٹ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ فیچر نوٹ پیڈ میں ٹیکسٹ کو ایڈٹ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا ماڈل استعمال کرے گا۔

ری رائٹ فیچر استعمال کرکے صارفین اپنے ٹیکسٹ کی طوالت بدل سکتے ہیں یا پھر اس کی شکل میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ مائیکروسافٹ میں نوٹ پیڈ سافٹ ویئر 1983 سے شامل ہے، جس کے ذریعے صارفین سادہ ٹیکسٹ پر مبنی ڈاکومنٹ  تیار کر سکتے ہیں، تاہم کمپنی کی جانب سے اس میں کبھی کوئی جدت نہیں لائی گئی، یہاں تک کہ رواں برس جولائی میں پہلی بار اس میں سپیلنگ کو خودکار طریقے سے درست کرنے (آٹو اسپیل کریکٹ) کا فیچر شامل کیا گیا تھا۔