کراچی:کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے بعد ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں پر سیکورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی جی ریلوے پولیس راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ ریلوے میں ہونے والے دھماکے کے بعد شہر قائد سمیت ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنز اور ریلوے تنصیبات پر سیکورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے۔
پاکستان ریلوے کی اہم تنصیبات، عمارتوں اور اسٹیشنز پر حفاظتی انتظامات کے تحت ریلوے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ساتھ ہی بڑے اور مصروف اسٹیشنز پر پولیس کے علاوہ بم ڈسپوزل کا عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے، جو تمام ٹرینوں کی روانگی اور آمد کے وقت فعال رہے گا۔
حفاظتی انتظامات کے تحت تمام ریلوے اسٹیشنز پر آنے والے مسافروں اور دیگر افراد کے ساتھ ساتھ ان کے سامان کی چیکنگ بھی کی جا رہی ہے۔ تمام مقامات اور گزر گاہوں پر واک تھرو گیٹس کی تعداد بڑھا دی گئی ہے اور ریلوے پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اسٹیشنز پر غیر ضروری یا غیر متعلقہ آنے والے افراد پر نظر رکھی جائے۔
آئی جی ریلوے پولیس کے مطابق دوران سفر تمام ٹرینوں میں مسافروں کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اہل کاروں کے ساتھ خواتین پولیس اہل کاروں کو بھی اسٹیشنز پر تعینات کیا گیا ہے۔