حکومتی نااہلی سے کراچی میں نوجوانوں کو صحتمند سرگرمیوں کے مواقع دستیاب نہیں،  منعم ظفر

125

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ حکومتی نا اہلی اور عدم توجہ کے باعث کراچی میں نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے مواقع موجود نہیں ہیں۔

16اسٹار فٹبال گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا بلاک 16میں فٹبال ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تحت  فٹبال چیمپئین شپ 2024-25 ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ اور پوٹینشل موجود ہے، حکومت اگر اپنی ذمہ داری پوری کرے اور سرپرستی کرے تو یہ نوجوان پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن اور ملک کے بہترین سفیر بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے صرف ایک سال کے دوران محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود 9ٹاؤنز میں عوام کو 115پارکوں کا تحفہ دیا اور کھیل کے میدانوں کو آباد کیا۔ ہماری ترجیح ہے کہ نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کریں۔

تقریب سے ٹاؤن چیئر مین گلبرگ نصرت اللہ، فٹبال ایسوسی ایشن سینٹرل کے صدر کفایت اللہ نے خطاب کیا۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سلیم پٹنی، وائس یوسی چیئرمین نعمان الحق، جماعت اسلامی کراچی کے سینئر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔

منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی اور ٹاؤن کی سطح پر ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے مواقع اور معاشرے میں مثبت رجحانات کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں کی ہے لیکن افسوس کہ ان کو کھیلوں کے لیے بنیادی سہولیات میسر نہیں، ماضی میں کھیل کے میدانوں اور پارکوں پر قبضے کیے گئے اور چائنا کٹنگ کے ذریعے خوب مال کمایا گیا، کراچی کے نوجوانوں کو غلط راستوں پر لگایا گیا۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ سندھ اسپورٹس فیڈریشن کی ایک رپورٹ کے مطابق جو اسمبلی میں بھی پیش کی گئی کراچی میں229کھیل کے میدان ہیں لیکن افسوس کہ ان میں سے بیشتر میدان کھیلنے کے لیے مہنگے داموں حاصل کرنے پڑتے ہیں جو ہر ایک کے لیے ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ نارتھ کراچی کے نوجوان رمیز ابراہیم نے باڈی بلڈنگ کے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا اور نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کا نام روشن کیا لیکن افسوس کہ حکومتی سطح پر گولڈ میڈلسٹ نوجوان کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔

ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ نے اس موقع پر کہا کہ کھیل کے مواقع اور صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ ہم گلبرگ ٹاؤن کی سطح پر نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کریں گے۔

ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ہم  فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر، جنرل سیکرٹری اور دیگر ذمہ داران کو مبارکباد اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

فٹبال ایسوسی ایشن سینٹرل کے صدر کفایت اللہ نے اپنے خطاب میں منعم ظفر خان اور نصرت اللہ کی شرکت اور حوصلہ افزائی کرنے پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔