بھارتی ٹیم کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ جانے سے متعلق آئی سی سی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
کرکٹ سے متعلق معروف ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) کو بتا دیا گیا ہے کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم آئندہ برس چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔
رپورٹ میں کرک انفو نے ذرائع کے حوالے سے دعوے میں مزید کہا ہے کہ بی سی سی آئی کے آئی سی سی کے سامنے رکھے گئے مؤقف میں بتایا گیا ہے کہ حکومت (یعنی بھارتی حکومت) نے اس بات کا مشورہ دیا ہے کہ کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ بھیجا جائے۔
ویب سائٹ کے مطابق بھارتی بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اس فیصلے سے متعلق جاری ہفتے کے آغاز ہی میں مطلع کردیا تھا، تاہم یہ تاحال واضح نہیں ہے کہ اس فیصلے سے متعلق تحریری طور پر آئی سی سی کو بتایا گیا ہے یا محض زبانی طور پر۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قوی امکان اس بات کا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اس بات کی یقین دہانی تحریری طور پر چاہیے ہوگی، کیوں کہ اس نے باضابطہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی اس صورت حال سے آگاہ کرنا ہوگا۔