اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو منگل کو بانی پی ٹی آئی سے پارٹی لیڈرز کی ملاقات کرانے کی ہدایت کردی عدالت نے جیل حکام اور پی ٹی آئی وکلاء میں تنازع ختم کرانے کے لیے کمیشن کی تشکیل کاعندیہ دے دیاہے۔جج سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیے ہیں کہ بانی سے ملاقات کون کرے گا؟جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر کا تنازع سامنے آیا ہے،فیملی فرینڈز وکلاجن سے بانی پی ٹی آئی ملنا چاہتے ہیں وہ لسٹ عدالت میں جمع کرائیں گے،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی سے لسٹ لے کر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھیجیں گے،امید ہے اس سے جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کے وکلا کے درمیان تنازع ختم ہوگا، میں کمیشن تشکیل دوں گا وہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملے گا،عدالت نے آنے والی لسٹ کی کاپی پی ٹی آئی کے سیکرٹری سلمان اکرم راجا کو بھی بھیجنے کی ہدایت کی۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی،جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے درخواست پر سماعت کی،بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید چودھری ،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم ،ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔