آئی ٹی برآمدات 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں،شہباز شریف

71
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف یوم اقبالؒ کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف یوم اقبالؒ کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئندہ تین سالوں میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کو 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کے لیے پر عزم ہیں۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہم نے سعودی عرب اور قطر سے کہہ دیا اب کشکول لے کر نہیں آئیں گے، ملکی معیشت آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سے وی آن گروپ کے چیئرمین جناب آوگی کے فیبیلا کی قیادت میں 5 رکنی وفد کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے اور دور دراز علاقوں میں بھی تیز تر موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں تیز تر اور قابل اعتماد انٹر نیٹ سروسز کے لیے 5 جی انٹرنیٹ کی سروسز متعارف کرانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، 5 جی سروسز کی بدولت ڈیجیٹل پاکستان کے ویڑن کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے حوالے سے ٹیلی کام سیکٹر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وی آن کی سبسیڈئری ’’جاز‘‘ گروپ پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم کردار کر رہا ہے۔ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹائز یشن اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالے سے وی آن گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وفد نے ملک میں حالیہ معاشی استحکام کے حوالے سے حکومتی کوششوں کی تعریف کی اور گفتگو میں کہا کہ پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کام کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم ملک بن چکا ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں یوم اقبال کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے سردیوں کے 3 ماہ میں بجلی کے اضافی استعمال پر سہولت پیکج دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور قطر جاکر کہاب کشکول لے کر نہیں آئیں گے، ملک کی معیشت آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اقبال کے فلسفے اور خودی کے پیغام پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، مصور پاکستان کی شاعری نے قوموں کی تقدیر بدلنے کا پیغام دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں علامہ اقبال کے پیغام کولے کر آگے بڑھ رہی ہے، اپنے اخراجات پر بہت دھیان سے فیصلے کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ بنایا اور لاکھوں بچوں کو وظائف دیے، ہم نے لاکھوں بچوں کو لیپ ٹاپ دیے۔ انہوں نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں، جن کے بچے تعلیم سے مالا مال ہوتے ہیں، حکومت ہر شعبے میں اصلاحات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی کمی میں لاگت سے زراعت، صنعت اور کاروبار و برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی، اس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پاکستانی معیشت مضبوط اور درجہ بندی تیزی سے بہتر ہوگی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ معاشی جکڑبندیوں کی وجہ سے ہم معاشی طور پر آزاد نہیں ہیں مگر ملک کی معاشی صورت حال آہستہ آہستہ بہتری کی جانب گامزن ہے۔