ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کیلیے حکومت نے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیمپیئینز ٹرافی کے لیے بھارت کے انکار کے لیے ذہنی طور پر تیار ہے تاہم ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور سے منتقل نہیں کرے گا۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی بورڈ کا کہنا ہے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی اور یہ ہمارا حتمی فیصلہ ہے، جو ہم پاکستان کو لکھ کر دے چکے ہیں۔ادھرپاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کئی مہینوں سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ٹورنامنٹ پاکستان میں نہیں ہوگا اور بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ اور حکومت کے جواب کا انتظار کررہے ہیں، اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایونٹ کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں البتہ ہمیں امید ہے کہ بھارتی بورڈ مثبت جواب دے گا۔