سندھ کے کاررواں کو دیکھ کر بلاول کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں ‘حلیم عادل

23

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی کال پر 9 نومبر کو صوابی میں جلسے میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی سندھ کا کاررواں سندھ کراچی سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی قیادت میں روانہ ہوگیا۔مختلف مقامات پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ کے کاررواں کو دیکھ کر بلاول زرداری کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ سندھ میں بھی پیپلز پارٹی کی ڈکٹیٹرشپ قائم ہے۔ پُر امن طریقے سے ہم کراچی سے صوابی جارہے ہیں لیکن پولیس نے جگہ جگہ ہمیں روکنے کی کوشش کی اور پی ٹی آئی رہنمائوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گرفتار کیا ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا پُر امن احتجاج کرنا ہر پاکستانی شہری کا قانونی اور آئینی حق ہے۔ ہم تو سندھ میں احتجاج نہیں کر رہے تھے‘ پُر امن طریقے سے اپنی گاڑیوں میں سفر کر کے صوابی جارہے ہیں۔ ہمیں آخر کس قانون کے تحت روکا جارہا ہے؟ انہوں نے کہا ظلم و جبر کے ذریعے عوام کے حقوق کے لیے لڑی جانے والی جنگ روکی نہیں جاسکتی۔ جتنا ظلم کریں گے ہم اتنی عوامی طاقت سے ان کا ڈٹ کے مقابلہ کریں گے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا عمران خان کی رہائی، چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی اور عدلیہ کی بحالی کے لیے قوم جاگ چکی ہے۔ صوابی میں عوامی اجتماع ہونے جارہا ہے جس میں فیصلہ کیا جائے گا عوام کیا چاہتے ہیں اور وہ آخری اور حتمی فیصلہ ہوگا۔ پُرامن احتجاج کے ذریعے ہم فسطائیت، جبر اور ظلم کا خاتمہ کریں گے۔