صرف 5 منٹ کی بلاناغہ ورزش سے آپ بلڈ پریشر سے بچ سکتے ہیں، ماہرین

236

لندن: طبی ماہرین نے نئی تحقیق اور تجربات کے نتائج سے جانا ہے کہ صرف 5 منٹ کی بلاناغہ ورزش کرنے سے آپ بلڈ پریشر جیسے خطرناک مرض سے بچ سکتے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق تحقیق کاروں کو نئے جائزے کے مطالعے کے بعد پتا چلا ہے کہ روزانہ صرف 5 منٹ جتنے مختصر وقت کی ورزش کرلینے سے فشار خون (بلڈ پریشر) میں کمی آتی ہے اور اس سے امراض قلب سے متعلق مسائل سے محفوظ رہنے میں مدد ملتی ہے۔

طبی ماہرین نے بتایا کہ معمول کے طرز زندگی میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں کرنے سے ہم بہت سے خطرناک امراض سے کسی نہ کسی حد تک بچ سکتے ہیں۔ مثلاً پانچ منٹ تک بلاوجہ بیٹھنے یا ٹی وی کے سامنے بیٹھنے رہنے کو چھوڑ کر صرف پانچ منٹ کے لیے دوڑ لگائیں، ہلکی ورزش کرلیں۔ اس کے نتیجے  میں آپ کی قلبی صحت بہتر ہو سکتی ہے۔

معالجین کا کہنا ہے کہ دوڑنا، یا اس طرح کی سرگرمی جس سے جسم کو حرکت ملے یا اسے ہم ہلکی پھلکی ورزش کا نام دے سکیں، اس کے انسانی صحت کے لیے بہت مثبت نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

یونیورسٹی کالج لندن اور یونیورسٹی آف سڈنی کے تحقیق کاروں نے کم و بیش 15 ہزار افراد کے ڈیٹا کا مطالعہ کیا، ان افراد کو ایکٹیویٹی ٹریکر (ان کی حرکات کو جانچنے کےآلات) پہنائے گئے تھے، جس کے نتیجے میں ان کی روز مرہ حرکات اوراس کے بلڈ پریشر پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

تجربے کے دوران پتا چلا کہ ایک دن مکل لوگوں نے اوسطاً 7 گھنٹوں کا وقت سونے کے لیے استعمال کیا۔ کم و بیش 10 گھنٹے تک بیٹھے یا پھر سست حالت میں رہے جب کہ 3 گھنٹے تک کھڑے رہے۔ صرف ایک گھنٹہ تہ ہلکی رفتار سے چلے اور ایک گھنٹہ تک نسبتاً تیز رفتار سے چلے جب کہ صرف 16 منٹ اس طرح کی سرگرمی میں گزارے جس سے دل کی دھڑکن  معمول سے بڑھ گئی۔

اس ڈیٹا سے تحقیق کاروں کو پتا چلا کہ دل کی دھڑکن بڑھنے والی حرکت  کے نتائج دل اور بلڈ پریشر کے لیے بہت سودمند نتائج کی حامل ہے۔