پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے احتجاج کرنے والے اساتذہ کی تنخواہوں سے کٹوتی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیرِ خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اساتذہ جتنی چھٹیاں کریں گے ان کی تنخواہوں سے اتنی ہی کٹوتی ہو گی۔
صوبائی مشیرِ خزانہ نے کہا ہے کہ پونے 2 لاکھ اساتذہ کی اپ گریڈیشن ایک ساتھ کرنا نہ ممکن ہے، اساتذہ احتجاج ضرور کریں لیکن اسکولز میں کلاسز لینے کے بعد کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والے اساتذہ کو آگے پینشن اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس حوالے سے وزیر تعلیم خیبر پختونخوا فیصل ترکئی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلے بھی اساتذہ کے مطالبات تسلیم کیے تھے، اب بھی ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن اسکول بند کرنا درست نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اساتذدہ سے درخواست ہے کہ احتجاج ختم کر دیں ہم ملکر مسئلے کا حل نکال سکتے ہیں۔