لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 4 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عمران خان کے خلاف درج 9 مئی 2023 کے جلاؤ گھیراؤ سے متعلق 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر سے کہا کہ آپ پہلے ہی اپنے دلائل دے چکے ہیں، آج پراسیکیوٹر جنرل فرہاد علی شاہ نے دلائل مکمل کیے ہیں، بار بار دلائل سے وقت ضائع ہو گا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا اور چاروں مقدمات میں ضمانتیں منظور کرلیں، عدالت نے 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کیں۔
عدالت نے مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے سمیت 4 مقدمات میں 5،5 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں منظور کیں۔