چینی شہریوں اور منصوبوں کی حافظت یقینی بنانا اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیر داخلہ

83

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفارت خانے میں چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے2 چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس اور زخمی چینی شہریوں اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے واقعہ کی تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے چین کے سفیر ،حکومت اور زخمی چینی شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیا۔ جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ترقی اور سیکورٹی کو مربوط کرنے کے چینی تصور سے پوری طرح متفق ہیں، چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، سی پیک منصوبوں کی سیکورٹی کے لیے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ چینی شہریوں کے لیے محفوظ و پر امن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ واقعہ میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔پاکستان اور چین آہنی بھائی اور پائیدار شرکت دار ہیں۔ ملاقات کے دوران مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق ہوا۔ چینی سفیر نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے پاک چین دوستی مسلسل پروان چڑھ رہی ہے اور عملی تعاون میں جامع پیش رفت ہوئی ہے، اس تناظر میں ایک محفوظ اور مستحکم تعاون کا ماحول انتہائی اہم ہے، چین دوطرفہ سیکورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور پاکستانی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تیار ہے، چینی سفیر نے چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے موقع پر بہترین انتظامات پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔چینی سفیر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق دریافت کیا۔چینی سفیر نے صدر مملکت کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ا نہوں نے بتایا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے صدر پاکستان کو خط لکھ کر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔وفاقی سیکرٹری داخلہ اور چینی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔