ایک ہزار سوپر سیڈرز کسانوں کو دیے ہیں، مریم اورنگزیب

36

لاہور (آن لائن) پنجاب کی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک ہزار سوپر سیڈرز کسانوں کو دیے ہیں، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سموگ جیسے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔جدید سوپر سیڈر مشینوں کی تقسیم سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مجموعی طور پر 5 ہزار جدید سوپر سیڈرز کسانوں میں رعایتی قیمت اور آسان اقساط پر تقسیم کیے جائیں گے۔ ان مشینوں کے ذریعے کسان مونجی یا فصل کی باقیات کو جلائے بغیر زمین کو تیار کر سکیں گے، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سموگ جیسے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ جدید زرعی مشینری ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ زمین کی تیز اور بہتر تیاری میں معاون ثابت ہو رہی ہے، جو کہ پنجاب میں زراعت کے میدان میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سموگ کی شدید صورتحال کے پیش نظر کھیلوں کا میلہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عوام کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر سموگ سیزن کے بعد اسپورٹس گالا منعقد کیا جائے گا۔