اسلام آباد (کامرس ڈیسک) سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول 2024 میں پاکستان پویلین کا افتتاح کر دیا ہے۔ جمعرات کو ہائی کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق افتتاح کے موقع پرہائی کمشنر نے سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول میں متعدد پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کی تعریف کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کاروباری افراد اور ادارے بین الاقوامی شراکت داری قائم کرنے اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی تکنیکی مہارت کا مظاہرہ کرنے کے لیے اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کا تیزی سے بڑھتا ہوا ٹیک ٹیلنٹ، ایشیائی منڈیوں میں داخل ہونے کے لیے سٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع اور ایک سازگار ٹائم زون کے حامل ہمارے ملک کو دنیا بھر کی کمپنیوں کے لیے ایک پرکشش آئی ٹی مرکز بناتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی توجہ ’’ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان‘‘ برانڈ کو فروغ دینے پر ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے پاکستان کے ٹیکنالوجی کے شعبے کو سپورٹ کرنے کے لیے خصوصی ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔ رابعہ شفیق نے بتایا کہ اس سال کے فیسٹیول میں دس سرکردہ پاکستانی فن ٹیک کمپنیوں کا ایک وفد شرکت کر رہا ہے، جو عالمی فن ٹیک صنعت میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر پاکستان کے ابھرتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔