منشیات فروشی پر جلد قابو پایا جائے گا، ایس ایس پی میر پور خاص

43

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے کیلئے سیف سٹی منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، تھانہ کلچر میں بہتری لائی جا رہی ہے، موبائل فون کا کاروبار کرنے والوں کو دی گئی ایس او پی پر عمل کرنا ہو گا، کلچر ڈے کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا، کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا اور منشیات فروشی پر جلد قابو پایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب نذیر احمد پنہور، نائب صدر اظہر کریم جیلانی، سینئر صحافی سلیم آزاد، سید محمد خالد، شوکت پنہور، اے ایس پی طلال خان اور دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان مال کو محفوظ بنانے کیلئے شہر کو سیف سٹی منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں جس سے موٹرسائیکل چوری اور جرائم کی دیگر وارداتوں میں کمی آئے گی اور شہری محفوظ زندگی گزار سکیں گے تھانہ کلچر میں تبدیلی لائی جا رہی ہے شہریوں اور پولیس کے درمیان فاصلے کو ختم کیا جائے گا جہاں منشیات فروشی ہو رہی ہے وہاں خصوصی توجہ دے کر منشیات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور کھیلوں کے میدان آباد کرنے کیلئے کھیلوں کے مقابلو کا انعقاد کرایا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ موبائل فون کا کاروبار کرنے والوں کو استعمال شدہ موبائل کی خرید و فروخت کرنے کیلئے ایس او پی دی گئی ہے جس پر انہیں مکمل عملدرآمد کرنا ہو گا اس سے موبائل فون چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یکم دسمبر کو سندھی کلچر ڈے بھرپور انداز میں منایا جائے گا اس روز میوزیکل پروگرام کا انعقاد بھی کیا جائے جس کیلئے فنکاروں کو مدعو کیا جائے گا ایک سوال کے جواب میں ایس ایس پی نے کہا کہ کیسو کیس کے تمام ملزمان کو عدالتوں سے سزا دلوا کر رہیں گے کیونکہ کیسو کیس کے ڈیجیٹل ثبوت حاصل کر لئے گئے ہیں جبکہ کیسو کی والدہ رانی اور ہیرو کے اعترافی بیان بھی موجود ہیں۔