لاڑکانہ: چانڈکا اسپتال میں ادویات کی کمی، ڈاکٹروں کا بائیکاٹ

9

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) چانڈکا اسپتال میں مبینہ طور پر ادویات کی کمی، شعبہ آنکھوں میں مشینوں کی خرابی اور بروقت علاج نہ ہونے کے باعث ڈاکٹروں اور مریضوں نے او ٹی کا بائیکاٹ کیا۔ اس موقع پر ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر شبیر احمد بھٹو، ڈاکٹر یکتا درگاہ، ڈاکٹر نعیم، ڈاکٹر ذکاء اللہ گوپانگ، ڈاکٹر جاوید شیخ، ڈاکٹر صفدر علی اور ڈاکٹر فیاض علی عباسی کے ہمراہ مریضوں بدر خاتون چانڈیو، خیراں بھرو، سکینہ مگسی، شبیراں کھوسو دیگر نے کہا کہ ہمیں گزشتہ 3 ماہ سے مطلوبہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، آنکھوں کے آپریشن کا سامان اور یو پی ایس سمیت کئی مشینیں خراب ہو گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر، ایم ایس لاڑکانہ اور ڈائریکٹر فنانس کو شکایت کرنے کے باوجود سامان فراہم نہیں کیا گیا، آپریشن تھیٹر میں آنکھوں کے آپریشن نہ ہونے، آلات کی کمی اور ٹوٹی پھوٹی مشینوں کی وجہ سے مرد اور بچے شدید مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے بہت سے مریض انتظار میں پڑے ہوئے ہیں، ہم او ٹی کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے احتجاج کا نوٹس لیا جائے، دور دراز سے مریضوں کے علاج کے لیے ناقص مشینوں کو ٹھیک اور ان کی وسیع تکالیف کو ختم کیا جائے۔