مجوزہ ونٹر پیکیج: 3 ماہ کیلیے بجلی 8 روپے تک سستی ہونے کا امکان

118
Proposed Winter Package: Electricity likely

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے مجوزہ ونٹر پیکیج پر کام جاری ہے، جس سے 3 ماہ کے لیے بجلی 8 روپے فی یونٹ تک سستی کیے جانے کا امکان ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ونٹر پیکیج کے تحت ملک بھر کے صارفین کو ریلیف دے کر بجلی کا استعمال بڑھانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

پاور ڈویژن، وزارت خزانہ اور دیگر اداروں کی ونٹر پیکیج کے لیے مشترکہ ورکنگ جاری ہے، جس کے تحت 3 ماہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 8 روپے تک کمی کا امکان ہے، تاہم اس مجوزہ پیکیج کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کی اجازت سے مشروط ہوگی۔ موسم سرما میں پیکیج کے تحت قیمت میں کمی کے لیے 3مختلف تجاویز زیر غورہیں۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمام بجلی صارفین کو و نٹر پیکیج کا حصہ بنانے اور پیکیج کے لیے صرف صنعتی صارفین کو ریلیف دے کر کھپت بڑھانے کی تجویز بھی زیرغورہے۔ صنعتی صارفین تک پیکیج محدود ہونے کی صورت میں 20 روپے تک کمی متوقع ہے۔

اس پیکیج کے لیے دسمبر تا فروری 2025 تک 3 ماہ کے دورانیہ کی پہلی تجویز دی گئی ہے۔ دوسری تجویز کے تحت و نٹر پیکیج کا دورانیہ دسمبر تا اپریل ہو سکتا ہے۔

نیپرا سے منظوری کے بعد وفاقی کابینہ ونٹر پیکیج کی حتمی منظوری دے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم بھی کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران ونٹر پیکیج کے حوالے سے بات کر چکے ہیں۔