حکومتی نا اہلی سے کراچی کا انفرا اسٹرکچرتباہ اور عوام اذیت کا شکار ہیں، منعم ظفر

39
Karachi's infrastructure is destroyed

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت و کے ایم سی کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور کرپشن کے باعث شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور عوام شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف جاری منصوبے مکمل ہونے کے نام نہیں لے رہے دوسری طرف جگہ جگہ استر کاری کے لیے سڑکیں کھود کر چھوڑ دی گئی ہیں، روزانہ لاکھوں شہریوں کو بد ترین سفر کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کریم آباد انڈر پاس کو کھودے ہوئے طویل عرصہ ہو گیا ہے۔

منعم ظفر کا کہنا تھا کہ ریڈ لائین کی تعمیر یونیورسٹی روڈ سے ملحق آبادی اور روزانہ سڑک سے گزرنے والو ں کے لیے ایک عذاب بن گئی ہے، گزشتہ روز ایک کار گڑھے میں گر گئی اور کار سوار زخمی ہو گئے، سندھ حکومت و کے ایم سی کی نا اہلی و کرپشن کی وجہ سے نہ صرف تعمیراتی منصوبوں کی لاگت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے بلکہ یہ منصوبے عوام کی جان و مال کے لیے بھی خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

امیر جماعت کراچی نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی بجٹ کے اربوں روپوں سے وزراء اور افسران کی چاندی تو ہو جاتی ہے لیکن شہر کی ابتر حالت بہتر ہوئی نہ عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں، گزشتہ دنوں سڑکوں کی استرکاری پر اربوں روپے کا بجٹ خرچ کر دیا اور ناقص تعمیر شدہ سڑکیں تھوڑے سے عرصے میں پھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ نااہلی و کرپشن کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے بجائے ایک بار پھر ان ہی لوگوں کے ذریعے دوبارہ سڑکیں بنوائی جا رہی ہیں جنہوں نے پہلے بھی نا اہلی اور کرپشن کی تھی۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کے عوام نہ صرف کے ایم سی اور سندھ حکومت کو طرح طرح کے ٹیکس دیتے ہیں بلکہ کراچی وفاق کو بھی پورے ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتا ہے۔ پیپلز پارٹی 16سال سے سندھ پر مسلط ہے اور موجودہ حکومت میں بھی وفاق کا حصہ ہے، پیپلز پارٹی کراچی دشمن پارٹی ہے، اس نے ماضی میں بھی کراچی کے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا اور نہ آج اسے کراچی کے عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی ہے۔پیپلز پارٹی نے کراچی کو صرف مال بنانے اور کھانے کمانے کا ذریعہ بنایا ہوا ہے۔