کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پورے ملک میں سب سے بہترین علاج سندھ میں ہوتا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف باضابطہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، میڈیا لوگوں تک چیزیں پہنچانے کے لیے ہماری آنکھیں، کان ہے، صحت کے شعبے میں کسی صوبے کے پاس سندھ جیسے منصوبے نہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے خلاف ایک مائنڈ سیٹ منفی باتیں پھیلاتا ہے، سندھ میں قائم اسپتال، یونیورسٹیاں سب کے لیے ہیں، جنوبی پنجاب سے لوگ علاج کے لیے سندھ کے اسپتالوں میں آتے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ہر شخص کا بلاتفریق، مفت اور بہترین علاج کیا جاتا ہے، لنگز ٹرانسپلانٹ کے لیے لوگ 50 لاکھ میں انڈیا جا کرعلاج کراتے تھے، پورے ملک میں سب سے بہترین علاج سندھ میں ہوتا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت لوگوں کو مفت علاج فراہم کر رہی ہے، تھرپاکر کے علاقے مٹھی میں بہترین سڑکیں تعمیر کیں، سندھ حکومت کی ترجیح عوام کی زندگیاں بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے حیدرآباد سے سکھر وفاق کے پاس ہے، اس سٹرک سے تمام تجارتی سرگرمیاں ہوتی ہیں، این آئی سی وی ڈی سکھر میں مفت علاج ہو رہا ہے، پاکستان میں سب سے سستی بجلی کوئلے سے بن رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت ہزاروں واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو دے رہی ہے، سندھ حکومت سائبر نائف سے کینسر کا مفت علاج کر رہی ہے، سندھ حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد رکھی، وزیراعظم نے ایک اجلاس میں کہا سندھ حکومت بہت آگے جاچکی، وزیراعظم نے افسران کو کہا سندھ حکومت سے پبلک پرائیویٹ پارنٹرشپ کا طریقہ سیکھیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ تھرپارکر میں متبادل توانائی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں، کچھ سیاسی جماعتوں کا کام ہے خود کام نہ کریں لوگوں پر تنقید کریں، ہمیں لوگوں نے ووٹ دیا، ہم نے عوام کی خدمت کرنی ہے۔