کراچی میں ایف آئی اے کی کارروائیاں ،حوالہ ہنڈی نیٹ ورک گرفتار

109

کراچی: غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جمعرات کی صبح کراچی میں تین چھاپے مارے، جن کا ہدف حوالہ-ہنڈی آپریٹرز تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق، ان چھاپوں کے دوران 2.5 کروڑ روپے نقدی، پرائز بانڈز، چیکس، کمپیوٹرز اور موبائل فون ضبط کیے گئے۔ اس حوالے سے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کراچی کے ڈائریکٹر نعمان صدیقی کے مطابق، ان کارروائیوں کی قیادت ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کی  ہے ۔ پہلا چھاپہ شاہراہِ ملت پر ایک عمارت میں مارا گیا، جہاں سے ٹریول ایجنسی کے مالک آصف اشرف اور حوالہ ڈیلر شایان وحید کو گرفتار کیا گیا۔

چھاپوں کے دوران ایف آئی اے نے مشتبہ افراد سے 2.25 کروڑ روپے نقد، موبائل فون، لیپ ٹاپس اور حوالہ-ہنڈی کے لین دین کی دستاویزات برآمد کیں۔ مزید دو چھاپے عدالتی احکامات کے تحت گارڈن ویسٹ اور شرف آباد کے علاقوں میں مارے گئے۔

ان کارروائیوں میں 117 دستخط شدہ چیکس، 61 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز اور 47 لاکھ روپے نقدی ضبط کی گئی۔ اس کے علاوہ دو لیپ ٹاپس، دو کمپیوٹرز، سات موبائل فون اور حوالہ-ہنڈی سے متعلقہ دیگر ریکارڈ بھی تحویل میں لیا گیا۔

مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مشتبہ افراد محمد اویس، عقیل سمیر اور جاوید ایک حوالہ سیٹ اپ چلا رہے تھے، جو بینامی کمپنی کے ذریعے تیسرے فریق کے اکاؤنٹس سے رقوم کی منتقلی اور ادائیگیوں میں ملوث تھے۔