جیکب آباد : تین مسلح ملزمان نے خاتون کواجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا

85

قمبرعلی خان(نمائندہ جسارت) ضلع جیکب آباد میں 3وحشی صفت مسلح ملزمان نے گھر میں زبردستی داخل ہوکر ایک شادی شدہ عورت اور معصوم کمسن بیٹے کو تشدد کا نشانہ بناکر مبینہ طور پر اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بناکر فرار ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق 3وحشی صفت مسلح ملزمان نے ضلع جیکب آباد کے صدر پولیس تھانہ کی حدود کی موچی بستی کے علاقے میں واقع گھر میں اسلحے کے زور پر زبردستی داخل ہوکر ایک غریب محنت کش کی زوجہ (ش) کو جو اپنے معصوم کمسن بیٹے کے ساتھ گھر میں موجود تھی ملزمان نے ان کو بچے سمیت مبینہ طور پر سخت تشدد کرکے اجتماعی طور پر زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ۔بعدازاں ملزمان واقعے کے بعد فرار ہوگئے، اس سلسلے میں جنسی زیادتی کا شکار متاثرہ خاتون نے صحافیوں کو بتایاکہ ملزمان جن میں دو بھائی شان جکھرانی، ٹھارو جکھرانی اور واجد لغاری جو جیکب آباد کے رہائشی ہیں جن کو میں نے بروقت پہچان لیا انہوں نے مجھے تشدد کا نشانہ بناکر یرغمال بنایا اور اجتماعی زیادتی کی جبکہ گھر میں میرا سویا ہوا چار سالہ معصوم بیٹا بھی موجود تھا جو کہ تشدد کے آواز کی وجہ سے رونے لگا تو ملزمان نے ان کو بھی نہیں چھوڑا اور تشدد کیا، اس واقعے کے بعد سینیٹر محمد اسلم ابڑو کے فوکل پرسن اور صاحبزادہ عمران علی ابڑو نے متاثرہ عورت کے گھر پہنچ کر ان کو اجرک پہنایا اور متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی میں ساتھ دینے کا یقین دلایا۔