کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے نیو کراچی سیکٹر5-Dمیں 1100دکانوں کو متبادل جگہ دیے بغیر گرانے کے احکامات واپس لینے اور متاثرہ تمام دکانداروں کو نیو کراچی ہی میں کے ایم سی کی مختلف مارکیٹوں میں دکانیں فراہم کرنے کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی ۔ محمد فاروق کی جانب سے جمع کرائی جانے والی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ نیو کراچی شفیق موڑ تا 7000 روڈ کے اطراف میں موجود نالے پر 1100 سے زاید دکانیں موجود ہیں ماضی میں ان دکانداروں سے رقم لے کر ان کو نالوں پر دکانیں بنانے کی اجازت دی گئی۔ یہ تمام دکان دار قرب و جوار کے رہائشی ہیں جو اپنے اہل خانہ کی حلال رزق کے ذریعے کفالت کر رہے ہیں اب ایک طویل عرصے کے بعد ان دکانداروں کو بے دخل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔اس غیر قانونی تعمیرات کے وقت متعلقہ افسران اور ادارے کہاں تھے اور اس غیر قانونی کام کو کیوں ہونے دیا گیا ، اب جبکہ ان دکانوں کو 30 سال کا عرصہ بیت چکا ہے، دکاندار ایک خطیر رقم کی سرمایہ کاری کر کے کاروبار کر ر ہے ہیں تو ایک حکم نامے کے ذریعے ان کو توڑنے کے احکامات اور متبادل جگہ دیے بغیر بے دخل کیا جانا درست نہیں،یہ معزز ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ان تمام دکانداروں کو فوری طور پر متبادل فراہم کیا جائے جبکہ قریبی علاقوں میں کے ایم سی کی مارکیٹیں موجود ہیں جو منشیات کے عادی افراد کا گڑ بنے ہوئی ہیں ، ان کو فوری طور پر قابل استعمال بنا کر متاثرہ دکانداروں کو فراہم کی جائیں تاکہ یہ اپنے اہل خانہ کے لیے روز گار کا سلسلہ جاری رکھ سکیں اور دکانداروں و ان کے اہل خانہ کو ذہنی و جسمانی اذیت سے بچایا جاسکے۔