گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت سرگرم عمل ہے،وزیراعظم

61
گلگت: وزیراعظم شہبازشریف سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ملاقات کررہے ہیں
گلگت: وزیراعظم شہبازشریف سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ملاقات کررہے ہیں

گلگت/غذر(آن لائن+اے پی پی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت، گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی،شہبازشریف نے غذر کے متاثرین سیلاب کیلیے ماڈل لیج کا افتتاح کردیا، تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ، وزیراعظم کی زیر صدارت گلگت بلتستان کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، وزیر اعظم شہباز شریف نے 100میگاواٹ بجلی کی فراہمی اور طلبہ کے لیے ایک ارب روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورہ گلگت بلتستان سیکر ٹریٹ پہنچے جہاں وزیر اعظم کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا ۔وزیراعظم نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ گلگت بلتستان میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے نڈر نوجوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ وزیراعظم کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ان ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی، وفاقی حکومت، گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ علاوہ ازیںوزیراعظم محمد شہبازشریف نے متاثرین سیلاب کے لیے غذر کے بوبر ماڈل ولیج میں تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے گائوں بوبرمیں 2022 کے سیلاب کے باعث تباہ ہونے والی بستی کی جگہ نئے ماڈل ولیج کے افتتاح اورمتاثرین کو نو تعمیر شدہ گھروں کے ملکیتی کاغذات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اگست 2022 میں یہاں آئے تھے جہا ں ہر طرف سیلاب کے بعد تباہی کے مناظر تھے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب اور بارشوں نے پورے گائوں کو زمین بوس کر دیاتھا۔ آج یہاں نئی بستی تعمیر کی جاچکی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو ان کے گھروں کے ملکیتی کاغذات دیئے جا چکے ہیں۔ وزیراعظم نے متاثرین کی بحالی، آباد کاری اور تعمیر نو پر متعلقہ اداروں اور حکام کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ نئے تعمیر شدہ گھروں کو موسم سرما میں رہنے کے قابل بنانے کا انتظام کیا جائے۔ ماڈ ل ولیج کے معیار کو جانچنے کے لیے کسی تیسرے فریق سے توثیق کرائے بغیر ادائیگیاں نہ کی جائیں اور اسکول، ڈسپنری اور کھیل کے میدان سمیت تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے سیلاب متاثرہ بچی قندیل کے لئے 50 لاکھ روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کا اعلان کیاتھا ، آج وہ فنڈ 67 لاکھ تک پہنچ چکاہے۔ مزید برآں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ بجلی کی فی الفور فراہمی اور بلتستان یونیورسٹی اور قراقرم یونیورسٹی کے باصلاحیت طلبا کے لیے میرٹ کی بنیاد پر 1 ارب روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا بشمول سابق فاٹا کے ضم اضلاع اور بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر ہماری توجہ پوری طرح مرکوز ہے۔ وزیراعظم نے ضلع غذر کے گائوں بوبر میں 2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی طور پر تعمیر شدہ مکانوں کی بروقت تکمیل اور اس کے گھروں کے اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بوبر گائوں میں نئے تیار شدہ گھروں کو دیکھ بے حد خوشی ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب کی طرز پر گلگت بلتستان کے شعبہ تعلیم کی ترقی کے لیے دانش اسکول متعارف کر رہے ہیں۔