اسرائیلی وزیردفاع کی برطرفی،نیتن یاہوکے خلاف مظاہرے

71

تل ابیب (صباح نیوز)اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کی جانب سے وزیر دفاع یواو گیلنٹ کی برطرفی کے بعد یاہوکے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ایک مختصر خط میں نیتن یاہو نے گیلنٹ کو بتایا کہ آپ کی مدت اس خط کی وصولی کے 48 گھنٹے بعد ختم ہو جائے گی،میں وزیر دفاع کے طور پر آپ کی خدمات کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔گیلنٹ کی جگہ وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز لیں گے، وزیر گیڈون ساعار کاٹز کی جگہ وزیر خارجہ ہوں گے۔نیتن یاہو نے ایک وڈیو بیان میں کہاکہ بدقسمتی سے، اگرچہ جنگ کے پہلے مہینوں میں اعتماد تھا اور بہت نتیجہ خیز کام ہوا، لیکن آخری مہینوں کے دوران یہ اعتماد میرے اور وزیر دفاع کے درمیان ٹوٹ گیا۔نیتن یاہو نے گیلنٹ پر اسرائیل کے دشمنوں کی بالواسطہ مدد کرنے کا الزام بھی لگایاہے۔ حزب اختلاف کے گروپس نے منگل کو دیر گئے بڑے پیمانے پر مظاہروں کی اپیل کی ہے ۔ یرغمالوں کے خاندانوں کے نمائندہ گروپ نے نئے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے اور ان کے پیاروں کو گھر واپس لانے کا کوئی معاہدہ طے کرنے کا واضح عہد کریں۔یہ برطرفی ایک نازک وقت میں ہوئی ہے۔ اسرائیلی فوجی غزہ پر حملے کے ایک سال سے زیادہ عرصے بعد وہاں مسلسل پھنسے ہوئے ہیں ۔ جب کہ اسرائیلی زمینی فوجی لبنان میں حزب اللہ کے عسکریت پسندوں کے خلاف ایک ماہ کے زمینی حملے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔