ٹیکساس‘آسٹن‘واشنگٹن(آن لائن) ٹیکساس میں ریاستی اسمبلی کے ڈیموکریٹک امیدوار پاکستانی امریکن سلمان بھوجانی کامیاب ہوگئے۔ امریکن پاکستانی نژاد سلمان بھوجانی مسلسل دوسری بار رکن ریاستی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے رکن سلمان بھوجانی نے حالیہ امریکی صدارتی انتخابات میں مسلم امریکیوں کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ مسلمانوں کی اقتدار کے ایوانوں میں آواز اس وقت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اپنے پیغام میں سلمان بھوجانی کا کہنا تھا کہ مجھے ٹیکساس اسٹیٹ کا پہلا مسلمان نمائندہ ہونے پر فخر ہے، اس وقت مسلم امریکی کمیونٹی ایک اہم موڑ پر ہے جہاں انتخابی نتائج کے مقامی اور عالمی سطح پر دوررس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔علاوہ ازیںامریکی انتخابات میں پاکستانی نڑاد ڈیموکریٹ امیدوار سلیمان لالانی ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے۔سلیمان لالانی پیشے کے اعتبار سے میڈیکل ڈاکٹر ہیں اور اس سے پہلے بھی ٹیکساس اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے ہیں۔ بنیادی طور پر ان کا تعلق کراچی سے ہے اور طویل عرصے سے امریکا میں آباد ہیں۔ انہوں نے 28 ہزار 240 ووٹ لے کر ریپبلیکنز حریف کو شکست دی۔سلیمان لالانی ٹیکساس اسمبلی کے حلقہ 76 کی نمائندگی کرتے ہیں اور ان کا دیرینہ تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔دوسری جانب امریکا میں کانسٹیبل کی نشست پر پاکستانی نژاد امیدوار علی شیخانی کامیاب ہوگئے۔ امریکا کی فورٹ بینڈ کائونٹی سے کانسٹیبل کے نشست پر الیکشن لڑنے والے پاکستانی نژاد امیدوار علی شیخانی کامیاب ہوگئے ہیں،علی شیخانی نے فورٹ بینڈ کاونٹی سے کانسٹیبل کی نشست پر پاکستانی نژاد نبیل شائق کو شکست دی۔علی شیخانی کون ہیں؟علی شیخانی کے نام سے بنی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق وہ کراچی میں پیدا ہوئے لیکن ان کی زیادہ تر زندگی امریکا میں گزری اور انہوں نے امریکی ریاست ٹیکساس میں بطور پولیس افسر بھی کام کیا اور بعد ازاں انہوں نے کاروبار شروع کیا۔علی شیخانی نے محض 12 سال قبل یعنی 2012ء میں شیخانی گروپ کے نام سے ادارہ بنایا، جس نے امریکی ریاست ٹیکساس سے ہی کاروبار کا آغاز کیا، جس کے بعد اس نے پاکستان میں بھی کاروبار شروع کیا۔اس وقت تک شیخانی گروپ کے تحت 40 کمپنیاں امریکا اور پاکستان میں کاروبار کر رہی ہیں جبکہ اس گروپ کے پاس 250 ریٹیل دکانوں کے آئوٹ لیٹس بھی ہیں۔علی شیخانی کی کمپنی میں 2 ہزار ملازمین کام کر رہے ہیں اور انہوں نے گیس اسٹیشنز، پیٹرول پمپس، سولر سمیت انرجی کے دیگر ذرائع میں بھی کاروبار کر رکھا ہے۔شیخانی گروپ شاپنگ پلازہ بنانے سمیت دیگر رئیل اسٹیٹ کا کام بھی کرتا ہے جبکہ ان کے گروپ کے اثاثوں سے متعلق ویب سائٹ پر کوئی معلومات دستیاب نہیں۔علی شیخانی پاکستانی منظر نامے میں اگرچہ ماضی میں بھی آتے رہے ہیں تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران انہیں کراچی میں زیادہ متحرک دیکھا گیا، خصوصی طور پر وہ کراچی کی سیاست، کاروبار، فلاحی اور ترقیاتی کاموں پر بات کرتے رہے۔