ویرات کوہلی کی ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں مسلسل تنزلی

156

دبئی(اسپورٹسڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کی طرف سے جاری کردہ ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹرز کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں سینئر بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کی مسلسل تنزلی کا سلسلہ جاری ہے اور وہ 8 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں سے 22 نمبر پر چلے گئے ہیں۔ ویرات کوہلی کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں اپنی سرزمین پر 0-3 کی عبرتناک شکست کے بعد اپنی آئی سی سی رینکنگ میں زبردست دھچکا لگاہے۔ آئی سی سی کی ٹیسٹ کرکٹ کی بلے بازوں کی تازہ ترین درجہ بندی میں کوہلی 8 درجے تنزلی کے بعد 22 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں ۔ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں میں صرف 93 رنز بنائے اور اب وہ ٹیسٹ فارمیٹ میں آئی سی سی مردوں کے بلے بازوں کی درجہ بندی میں 14 ویں سے 22ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ویرات کوہلی کو کیوی آف سپنرز نے ہوم ٹیسٹ سیریز کے دوران آڑے ہاتھوں لیا ۔ ویرات کوہلی اور کپتان روہت شرما دونوں ٹیسٹ سیریز میں ناکام رہے، جس کے نتیجے میں بھارت کی ٹیم کو اس کی سرزمین پر تاریخی وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی پہلی ٹیم تھی جس نے بھارت کو گھر پر 0-3 سے شکست دی۔ٹیسٹ کرکٹ میں بلے بازوں کی درجہ بندی میں انگلینڈ کے جوروٹ پہلے،نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن دوسرے اور انگلینڈ کے ہی ہیری بروک تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بھارت کے یاشاسوی جیسوال ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں،آسٹریلیا اسٹیو اسمتھ پانچویں نمبر پر برقرار ہیں، بھارت کے ریشبھ پنت پانچ درجے ترقی پاکر 11 ویں سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔