سجاول (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی کیماڑی کراچی کیپٹن فیضان علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کے اسپتالوں سے نو مولود بچوں کو اسپتال کے عملے کی مدد سے اغوا کرکے کراچی کے مختلف علاقوں میں فروخت کرنے والے ایک گروہ کے سرغنہ محکمہ ایگریکلچر کے ملازم اعجاز علی ہنگورجہ اور اس کی بیوی شازیہ کو کراچی کے علاقے کیماڑی پاک کالونی سے ایک بے اولاد جوڑے کو ساڑھے 8 لاکھ روپے میں فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا ہے، گرفتار میاں بیوی نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ سجاول اسپتال کی لیڈی ہیلتھ ورکر تسنیم سے انہوں نے یہ بچہ ڈھائی لاکھ روپے میں خرید کرکے کراچی میں بے اولاد جوڑے آصفہ کو 8 لاکھ روپے میں فروخت کر رہے تھے، گرفتار جوڑے نے اعتراف کیا کہ 5 سال قبل 2019 میں انہوں نے ٹھٹھہ سے ایک بچہ اسی لیڈی ورکر تسنیم سے ڈھائی لاکھ میں فروخت کرکے ٹھٹھہ شہر میں بے اولاد جوڑے کو 8 لاکھ روپے میں فروخت کیا تھا۔ ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا تھا کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے جن سے مزید بچوں کو اغوا ہونے کے انکشافات متوقع ہیں۔