کوٹری صنعتی زون میں دفعہ144نافذ کرنے کا اعلان

47

کوٹری (نمائندہ جسارت) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن اور ایم ڈی سائٹ کراچی غضنفر علی قادری نے کوٹری صنعتی زون میں صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جامشورو چیمبر آف کامرس میں اہم اجلاس کیا۔ اجلاس میں جامشورو چیمبر آف کامرس کے صدر میاں توقیر طارق کاٹی چیئرمین خلیل بلوچ سمیت صنعتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اجلاس میں جامشورو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر میاں توقیر طارق چیئرمین کاٹی خلیل بلوچ ودیگر صنعتکاروں نے اظہار خیال کیا۔ اجلاس میں صنعتکاروں نے تجاوزات، پانی کی قلت، جنگل کی کٹائی، اسٹریٹ لائٹ سمیت دیگر مسائل حل کرنے کی استدعا کی۔ کمشنر حیدرآباد نے متعلقہ افسران کو صنعتکاروں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے اور فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر حیدرآباد نے کوٹری صنعتی زون میں دفعہ 144کا نفاذ کرنے کا بھی اعلان کیا، کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ کوٹری صنعتی زون سے ریتی بجری کے ٹرک گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی، امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری سندھ کی ہدایت پر کوٹری صنعتی زون کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوشش جاری ہے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھر پور مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کو صنعتکار اپنی مدد آپ چلا رہے ہیں، ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے صنعتی علاقے کا سیوریج اور کیمیکل شدہ پانی ٹریٹ کرکے نہر میں چھوڑا جا رہا ہے، ٹریٹمنٹ پلانٹ سے اخراج ہونے والے پانی میں ٹی ڈی ایس 2580ہے، جبکہ عالمی معیار 3500 ہے۔ ایم ڈی سائٹ نے کہا کہ صنعتی علاقے میں ترقیاتی کام جاری ہیں، جنگل کٹائی کا کام بھی شروع کرایا گیاہے، جبکہ اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب کے لیے جلد نئی اسکیم لائے جائی گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کو تھرڈ پارٹی کے حوالے کرنے پر فیصلہ کر لیا ہے، ٹریٹمنٹ پلانٹ کو بذریعہ ٹینڈر تھرڈ پارٹی کے حوالے کیا جائے گا جو اسے چلائے اور مرمت بھی کرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز بھرپور آپریشن کیا جائے گا۔ بعد ازاں کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن اور ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری نے صنعتکاروں کے ہمراہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کا بھی دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔