ڈیفنس میں ڈکیتی مزاحمت پر سیکورٹی گارڈ کوقتل کردیاگیا

52

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کلفٹن تھانے کے علاقے ڈیفنس فیزفائیو توحید کمرشل ایریا 26 اسٹریٹ کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 43 سالہ محمد سعید ولد اللہ بخش جاں بحق ہوگیا۔ مقتول نجی سیکورٹی کمپنی میں بطور سیکورٹی گارڈ ملازمت کرتا تھا۔ فائرنگ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت پر پیش آیا۔ مقتول محمد سعید اپنے ساتھی ملازم کے ہمراہ موٹرسائیکل پر بینک سے پانچ لاکھ روپے کی رقم نکلواکر جا رہا تھا اور بینک کے قریب ہی پان کی دکان پر رکا تھا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈکیت موقع پر پہنچ گئے اوررقم چھیننے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد سعید شدید زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔ شدید زخمی محمد سعید کو تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے بتایا کہ واردات کے دوران مقتول محمد سعید کے پاس موجود پانچ لاکھ روپے کی رقم لٹنے سے بچ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق گارڈ اور مسلح ڈکیت کافی دیر تک لڑتے رہے۔ شہری گولیاں لگنے سے نیچے گرا تو مسلح ملزمان فرار ہوئے۔