وزیراعظم چینی سفارتخانے پہنچ گئے؛ کراچی میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت، تحقیقات کی یقین دہانی

140

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف چینی سفارت خانے پہنچ گئے، جہاں انہوں نے چینی سفیر سے کراچی میں فائرنگ کے واقعے کے ذمے داران کو گرفتار کرکے سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر  جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں زخمی چینی شہریوں کی بیمار پرسی کے لیے آپ سے ملنے آیا ہوں۔ شہباز شریف نے چینی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد ہی گرفتار کرکے سزا دلوائی جائے گی۔

اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِداخلہ محسن نقوی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کے عمل کی خود نگرانی کررہا ہوں۔ فائرنگ میں زخمی ہونے والے چینی شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پہلے ہی ہدایات جاری ہو چکی ہیں۔ اور ان کا روبہ صحت ہونا اطمینان بخش بات ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، چینی شہریوں پر حملہ پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے۔ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔چینی سفیر نے وزیرِاعظم کی سفارت خانے آمد پر شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ وزیرِاعظم واقعے کے ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔