اسلام آباد:بجلی کی قیمت میں ایک روپے 28 پیسے کمی ہوگئی، تاہم کراچی کے صارفین اس سے محروم رہیں گے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ستمبر کے ایف پی اے (فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ) کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1.28 روپے کمی کی ہے، تاہم کے الیکٹرک کے صارفین پر اس کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے ستمبر کے لیے ایف پی اے کی مد میں 1.28 روپے فی یونٹ کمی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سی پی پی اے کی جانب سے 71 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کروائی گئی تھی، جس پر سماعت گزشتہ ماہ 30 اکتوبر کو ہوئی تھی۔
نیپرا کے مطابق اس کمی کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن، پری پیڈ صارف اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا۔ اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔