چیمپئنز ٹرافی : قذافی اسٹیڈیم میں ایل ای ڈی فلڈ لائٹس کی تنصیب

167

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے تحت لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر اپ گریڈیشن کا آغاز کر دیا ہے اس سلسلے میں اسٹیڈیم میں موجود 6 ٹاورز پر نئی ایل ای ڈی فلڈ لائٹس نصب کی جا رہی ہیں ۔

پی سی بی زرائو کے مطابق اب تک اسٹیڈیم کے تین ٹاورز کی پرانی لائٹس ہٹا دی گئی ہیں، جبکہ باقی ٹاورز پر لائٹس کی تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ اس اپ گریڈیشن کا مقصد نہ صرف عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنا ہے بلکہ تماشائیوں کے تجربے کو بھی بہتر بنانا ہے۔ اسی مقصد کے تحت اسٹیڈیم میں دو جدید اسکرینیں بھی نصب کی جائیں گی، تاکہ شائقین کو ایک بہتر اور دلچسپ تجربہ مل سکے۔

اس اپ گریڈیشن منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ حال ہی میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے موقع پر جا کر لیا، جہاں انہوں نے اسٹیڈیم میں کرکٹ میوزیم اور سووینئر شاپ کے قیام کا بھی اعلان کیا، تاکہ شائقین کرکٹ کو کھیل کے ورثے سے مزید قریب لایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، محسن نقوی نے اسٹیڈیم کی پارکنگ کی گنجائش بڑھانے اور مرکزی عمارت کی جمالیات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ اسٹیڈیم اب عالمی معیار کا بننے جا رہا ہے، جس کا مقصد شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

یاد رہے کہ 2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں کھیلی جائے گی، جس میں لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں میچز ہوں گے۔ لاہور میں 7 میچز ہوں گے، جن میں 9 مارچ کو فائنل بھی شامل ہے۔