شرح سود کم ہونے سے قرضوں کے حجم میں کمی آئے گی،وزیراعظم

95
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ معیشت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت مثبت اشارے اور مواقع مل رہے ہیں، ان سے استفادہ کرنا ہم پر منحصر ہے، پالیسی ریٹ کم ہونے سے قرضوں کے حجم میں بھی بڑی کمی آئے گی ہے، پاور سیکٹر میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے ایک بڑاونٹر پیکج لایا جا رہا ہے، معیشت کو ترقی دے کر روزگار ، برآمدات بڑھانا ہے اور پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑاکرنا ہے، میرے دورے کے تناظر میں پاکستانی وفد سعودی عرب روانہ ہوگیا ہے۔منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاکہ مرکزی بینک نے گزشتہ روز پالیسی ریٹ میں ڈھائی فیصد کمی کی ہے، اس سے ہمارا پالیسی ریٹ 22فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگیا ہے، یہ کاروبار ، صنعتوں ، زراعت ، برآمدات اور تجارت کے لیے انتہائی خوش آئند ہے اور اس کے نتیجے میں لوگ اپنے اکائونٹس سے پیسہ نکال کر سرمایہ کاری کریں گے جس سے روزگار ، پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا ، اسی طرح آگے بڑھتے رہیں تو ہماری معیشت مستحکم ہو گی اور تیزی سے ترقی کرے گی۔ وزیراعظم نے کابینہ کو بتایاکہ کل اسمبلی کے اجلاس کے بعد پاکستان کا وفد ان کے سعودی عرب کے دورے کے تناظر میں روانہ ہو گیا ہے۔ برادر ممالک سعودی عرب اور قطر کا دورہ انتہائی مفیداور تعمیری رہا۔ سعودی ولی عہد نے ملاقات میں پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے تیزی سے فیصلے کرنے کی ضرورت پر زور دیاتھا۔ کل اسی کی روشنی میں ہم نے پیشرفت کرتے ہوئے اپنا وفد سعودی عرب بھجوایا ہے،اس دورے کے دوران شمسی توانائی ، ہنر مند افرادی قوت ، کان کنی کے شعبوں سے متعلق معاملات زیر غورآئیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہنر مند نوجوانوں کی سعودی عرب اور قطر میں بڑی مانگ ہے، بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں بڑی کھپت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ آئی ٹی کی وزارت اس سلسلہ میں بھرپور کام کریگی اور نوجوانوں کو بھرپور مواقع حاصل ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس معاہدوں پر پیشرفت ہو رہی ہے ۔ ہمیں اس سلسلہ میں تیزی سے کام کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آذربائیجان کے ساتھ 2 ارب ڈالر کے ایم او یوز پر آگے بڑھنے کا وقت بھی آگیا ہے۔ آذربائیجان کے صدر نے پیشرفت کاپیغام بھیجا ہے ،اس پر ہم جلد عملدرآمد کریں گے۔