چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ فوجداری کیس کی سماعت نہ کرسکا

31

اسلام آباد (صباح نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 2 رکنی بینچ منگل کے روز فوجداری کیسز کی سماعت نہ کرسکا، تمام فوجداری کیسز جسٹس مسرت ہلالی کی سربراہی میں قائم 7 نمبر بینچ کو بھجوادیے گئے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں بینچ نے منگل کے روز فائنل اور سپلیمنٹری کاز لسٹ میں شامل کل 41 کیسز کی سماعت کرنا تھی۔ سماعت سے قبل ہی چیف جسٹس کے بینچ میں لگنے والے فوجداری کیسز جسٹس مسرت ہلالی کی سربراہی میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان پر مشتمل 2 رکنی بینچ کو بھجوادیے گئے۔ چیف جسٹس کے کورٹ ایسوسی ایٹ کی جانب سے تمام وکلا اور سائلین کو اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا تھا جس کے بعد تمام سائلیں اور وکلاء 7نمبر عدالت چلے گئے جبکہ چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے کل 20 کیسز کی سماعت کی۔