پشاور انٹر اسکولز گیمز کا افتتاح صوبائی وزیر کھیل خیبرپختونخوا سید فخر جہاں نے کیا

137
پشاور، انٹر اسکول گیمز کی افتتاحی تقریب میں ایتھلیٹ ایکشن میں

پشاور(اسپورٹس ڈیسک):صوبائی دارلحکومت پشاور میں انٹر ا سکولز گیمز کا آغاز طہماس خان فٹبال ا سٹیڈیم میںپروقار تقریب کے ذریعے ہوا، جس میں ضلع پشاور کے 100 سے زائد اسکولوں کے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی11 مختلف کھیلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ گیمز کا باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں اور وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایلیمنٹری ایجوکیشن مسعود خان، ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) محمد اصغر سورانی،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سلیم ایوبی، ریجنل اسپورٹس آفیسر کاشف فرحان، ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن سمینہ الطاف سمیت دیگر متعلقہ حکام موجودتھیں۔ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی اور محکمہ کھیل کے تعاون سے ان گیمز میں ہائیر و ہائی اسکولز کے درمیان مختلف مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انٹر اسکولز گیمز میں کرکٹ، بیڈمنٹن، والی بال، فٹبال، ایتھلیٹکس، ہاکی، ٹینس، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، ہینڈ بال، اسکواش اور رسہ کشی کے مقابلے شامل ہیں۔ یہ مقابلے 19 نومبر تک جاری رہیں گے اور فاتح کھلاڑی انٹر ڈویژنل مقابلوں میں شرکت کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت جلد ہی انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کر رہی ہے تاکہ گراس روٹ لیول پر نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جا سکے۔ اس پروگرام کے تحت مختلف کھیلوں میں ایک صوبائی ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو صوبے کی نمائندگی کرے گی۔ کھلاڑیوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے 25 ہزارروپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کھیلوں کے حوالے سے ایک ذرخیز خطہ ہے، جہاں سے کرکٹ، اسکواش، والی بال اور ہاکی سمیت مختلف کھیلوں کے کئی قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی پیدا ہوئے۔