افسران کو عوام کے خادم کے طورپر خدمات انجام دینی چاہئیں

55

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن کا کہنا ہے کہ افسران کو عوام کے خادم کے طور پر بلا غرض اور دلجمعی کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ محدود وسائل کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ضلع گوادر کے تمام لائن ڈپارٹمنٹس کے افسران، مختلف محکموں کے سربراہان اور سماجی و سیاسی عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد یہ تھا کہ عوامی مسائل کے حل کو مقامی افسران کے ذریعے عوام کے گھر کی دہلیز تک پہنچایا جائے۔اجلاس کے دوران مولانا ہدایت الرحمن نے افسران کے ساتھ ایک تعارفی نشست بھی منعقد کی جس میں ضلع کے مختلف محکموں کی کارکردگی اور عوامی مسائل کے حل کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر افسران نے ایک دوسرے کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کیا اور ضلع کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔اجلاس میں مختلف شعبوں، خصوصاً صحت، تعلیم، پانی، سڑکوں، ترقیاتی منصوبوں، بلدیاتی مسائل، نکاسی آب، لوکل گورنمنٹ، خوراک، ماحولیات، سماجی بہبود اور پاک عمان گرانٹ پسنی اسپتال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مولانا نے خصوصی طور پر پسنی کے پاک عمانی گرانٹ کے اسپتال کے سی ای او سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ عوام کو صحت کے بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔