وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی

15

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ نے معیشت کی بحالی کے لیے نیشنل ڈائیلاگ شروع کرنے اور بلدیاتی اداروں کی بحالی پر زور دیا اور کہا ہے کہ وزیراعظم، آرمی چیف کی ذاتی دلچسپی سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی اور دوست ممالک کا اعتماد بحال ہو رہا ہے جس کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ہاوس لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفی ملک نے کہا کہ مسلم لیگ عوامی مسائل پر بھرپور توجہ دے گی، نومنتخب مرکزی چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمدامجد مسلم لیگ ہاوس پہنچے تو پارٹی عہدے داروں کارکنوں نے انکا پرجوش خیر مقدم کیا،ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں گلدستے پیش کیے اور ہار پہنائے،ڈاکٹر محمد امجد نے اس موقع پر پارٹی کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انکی کوشش ہوگی وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں، ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ چین، سعودی عرب اور دیگر ممالک سے سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کو خاطر خواہ فائدہ ہوگا،لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ امن و امان کی صورت حال بہت بہتر ہو اب اس معاشی خوشحالی کے ثمرات عام آدمی کو ملنے چاہیں، حکومت ترجیحی بنیادوں پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کرے، انہوں نے کہا کہ ملک محاذ آرائی کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، دھرنوں اور احتجاج سے معیشت اور عام آدمی کا نقصان ہوتا ہے، معاشی خوشحالی سب کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہونا چاہیے ، بلدیاتی اداروں کی بحالی کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں،بلدیاتی اداروں کی بحالی سے عام آدمی کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہوں گے، پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفی ملک نے کہا مسلم لیگ خدمت کا روشن ٹریک ریکارڈ رکھتی ہے، چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں مسلم لیگ نے ملکی ترقی،استحکام، سا لمیت، صوبوں کے حقوق کے حوالے سے بہت کام کیا ہے، چودھری شجاعت حسین نے ہمیشہ اپنی سیاست پر ریاست اور اپنی ذات پر قومی مفاد کو ترجیح دی، آج انکے سیاسی کردار، وضح داری اور حب الوطنی کا کوئی شخص انکار نہیں کرسکتا، پارٹی اور انکے دونوں بیٹے انکے سیاسی تدبر اور خدمت کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں،صوبائی وزیر چودھری شافع حسین نے بہت کم عرصہ بیمار صنعتوں کو بحال کرنا شروع کر دیا ہے اور فنی تعلیم کو عام کیا ہے، آج تین لاکھ تک یورپ، جاپان،کوریا، خلیجی ممالک سے ہنر مند افراد کی ڈیمانڈ ہے۔