سہیل باسط خودساختہ ڈائریکٹر فنانس بن گئے،غیرقانونی احکامات کا سلسلہ شروع

100

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اکاؤنٹ آفیسر ایڈمن فنانس اینڈ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ سہیل باسط جن کے پاس ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن کا چارج ہے، خود ساختہ اپنے آپ کو ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکاؤنٹس سمجھنے لگے ہیں۔ انہوں نے فنانس ڈپارٹمنٹ میں افسران کو غیر قانونی احکامات دینے شروع کردیئے ہیں۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہواہے کہ سندھ گورنمنٹ سے کے ڈی اے کوملنے والی گرانٹ کی مد میں 40 کروڑ روپے جو کہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے ہر ماہ ملتی ہے اس کی ذمہ داری خود ساختہ ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکاؤنٹس سہیل باسط نے اپنے ذمہ لے لی ہے۔ یاد رہے کہ ادارہ ترقیات کراچی میں پہلے ہی دو ماہ کی تنخواہوں کا شارٹ فال ہے اس مرتبہ بھی 5 نومبر تک گرانٹ کا چیک سہیل باسط سندھ گورنمنٹ سے حاصل کرنے میں ناکام رہے اور سندھ گورنمنٹ کے اعلیٰ افسران پر الزامات عائد کررہے ہیں کہ گرانٹ کی مد میں بھاری بھر کم رشوت طلب کی جارہی ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سندھ گورنمنٹ نے اس مرتبہ گرانٹ کی فائل پر اعتراضات لگاکر خودساختہ ڈی ایف اے سہیل باسط کو واپس کردی ہے۔کے ڈی اے افسران و ملازمین کا کہنا ہے کہ خود ساختہ ڈی ایف اے سہیل باسط سے گرانٹ لینے کی ذمہ داری واپس لی جائے اور کسی قابل افسر کو ذمہ داری سونپی جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ گورنمنٹ نے گرانٹ کی کسی بھی فائل پر اعتراض نہیں لگایا۔