بلدیہ عظمیٰ کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلیے سخت فیصلے کیے،میئرکراچی

87

کراچی(اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مالی طور پر اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے دلیرانہ اور سخت فیصلے کیے جن کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، کے الیکٹرک کے ذریعے میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس کی ایک ماہ کی آمدنی 22کروڑ 80لاکھ روپے کا چیک مل گیا ہے، ایک سال کے اندر کے ایم سی میونسپل ٹیکس کی مد میں 3ارب روپے اکٹھا کرسکے گی، اس رقم کو شہر کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے علاوہ بلدیاتی ملازمین کی پنشن اور واجبات کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جائے گا اور اس کی تمام تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں گی، کے ایم سی کو میونسپل ٹیکس کی وصولی سے روکنے والوں سے یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہوں کہ گزشتہ تین سال میں ان کے منفی پروپیگنڈے کے سبب کے ایم سی کو ہونے والے دس ارب روپے کے نقصان کا کون جواب دے گا،یہ لوگ میرے شہر کا گلا کیوں گھونٹ رہے تھے،ماضی میں تمام اختیارات کے باوجود میونسپل ٹیکس کی جائز آمدنی کیوں حاصل نہیں کی گئی،جو پروپیگنڈہ کیا گیا کہ کے الیکٹرک سے پیسے نہیں ملے گے اس کا جواب آج مل گیاہے،کبھی کبھار آپ کو شہر کے وسیع تر مفاد میں سخت اور دلیرانہ فیصلے کرنے پڑتے ہیں، نئی ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کا آغاز ہوگیا، آئندہ ایک ماہ میں شہر کے اندر تمام ترقیاتی کاموں کو شروع کر دیا جائے گا۔