کراچی میں فائرنگ سے 2 چینی شہری زخمی، تفتیش جاری ہے، دفتر خارجہ

131

کراچی: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کراچی میں فائرنگ کے واقعے میں 2 چینی شہری زخمی ہوئے ہیں ، جس کی تفتیش جاری ہے اور ذمے داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان  ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک نجی گارڈ کے ساتھ تنازع کے بعد فائرنگ کا واقعہ کراچی میں پیش آیا۔ آج صبح پیش آنے والے اس واقعے  میں 2 چینی شہری زخمی ہوئے،جو اسپتال میں زیر علاج ہیں، اس سلسلے میں تفتیش کی جا رہی ہے اورذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اسلام آباد میں چینی سفارت خانے اور وزارت داخلہ سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان اور چین قریبی شراکت دار اور مضبوط دوست ہیں، جو باہمی احترام اور ایک دوسرے کے مشترکہ مفادات کے عزم سے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور پاکستان میں اداروں کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔