امریکا صدارتی انتخابات: بم کی اطلاع  ملنے پر پولنگ رکوادی گئی

131

جارجیا:امریکا میں صدارتی انتخابات زور شور کے ساتھ جاری ہیں ، ایسے میں امریکی ریاست جارجیا کی فلٹن کاؤنٹی کے بعض پولنگ اسٹیشنز  پر بم کی افواہیں سامنے آنے پر مقامی انتظامیہ نے عارضی طور پر تمام عوام کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکال دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام کو 5 پولنگ اسٹیشنز  پر بم کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے عوام کو سب سے پہلے پولنگ اسٹیشن سے باہر نکالا ، اس کے بعد بم ڈسپوزل کے اہلکاروں نے تفصیلی جائزہ لیا تمام پولنگ اسٹیشنز کا ،اس کے بعد کتوں کی مدد سے بھی اطراف کی عمارتوں کا جائزہ لیا گیا۔

بم کی جھوٹی اطلاع ملنے اور پولنگ اسٹیشنز کلیئر ملنے کے بعد مقامی انتظامیہ نے دوبارہ سے پولنگ شروع کرادی تھی، مقامی انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے بم کی اطلاع ملنے والی جگہوں پر سیکیورٹی مزید سخت کرکے حفاظتی اقدامات بڑھادیے۔

امریکی حکام نے کہاکہ بم کی جھوٹی اطلاع دینے والوں کے حوالے سے تحقیقات شروع کردیں ہیں، الیکشن ختم ہونے کے بعد بہت جلد ملزم کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلہ  جاری ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 7 کروڑ 89 لاکھ افراد پہلے ہی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں اور کسی بھی امیدوار کو جیت کے لیے کل 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوں گے۔