امریکا کی اہم ریاستوں میں ووٹنگ شروع، کملا اور ٹرمپ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع

152

واشنگٹن: امریکا کی اہم ریاستوں میں ووٹنگ کا مقررہ وقت کے مطابق باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جہاں کملا ہیرس اور ٹرمپ کے مابین کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا کی مختلف ریاستوں میں 6 مختلف ٹائم زون ہیں، جس کی وجہ سے الگ الگ ریاستوں میں پولنگ شروع ہونے اور ختم ہونے کے اوقات میں فرق ہے۔

مقامی میڈیا میں بتایا گیا ہے کہ نیو جرسی اور نیویارک میں ووٹرز نے پولنگ اسٹیشنز پر رائے دہی کا آغاز کردیا ہے۔ اسی طرح نیو ہمپشائر  اور کنیکٹیکٹ میں بھی ووٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ اُدھر ورمونٹ میں بھی امریکی شہری پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کررہے ہیں۔

ریاست نارتھ کیرولائنا، ویسٹ ورجینیا، اور اوہایو میں بھی لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔ اہم  بات یہ ہے کہ نارتھ کیرولائنا ان 7 امریکی ریاستوں میں سے ایک ہے، جو امریکا میں انتخابی نتائج کا پانسہ پلٹ سکتی ہیں ، یہاں  ہونے والی رائے شماری کسی بھی امیدوار کی کامیابی یا ناکامی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔

جن ریاستوں میں ان کے ٹائم  زون کے لحاظ سے پولنگ کا آغاز ہوا ہے، اس سے قبل بھی کم و بیش 7 کروڑ 90 لاکھ افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے ہیں۔دونوں صدارتی امیدواروں (کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ) میں سے کسی ایک کو بھی مجموعی 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔