ہیما مالنی کو نشانہ بناکر اسمبلی کے رکن کے اوچھے ریمارکس

119

بھارت کی ریاست دہلی کی اسمبلی کے ایک رکن مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام بنیادی سہولتوں کو ترس رہے ہیں اور بی جے پی کے لوگ اپنی اپنی جیبیں بھر رہے ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے نریش بلیان نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے اُس کی رہنما اور سابق بالی وڈ ایکٹریس ہیما مالنی ہی کو لپیٹ دیا۔ اس نے کہا کہ دہلی کی سڑکوں کا حال تو 76 سالہ ہیما مالنی کے جُھریوں بھرے رخساروں جیسا ہے۔ ویسے ہی گڑھے دہلی کی سڑکوں پر بھی پڑے ہوئے ہیں۔

بی جے پی کے رہنما اور دہلی اسمبلی کے رکن پروین کمار نے کہا ہے کہ یہ ریمارکس کسی بھی طور قابلِ معافی نہیں۔ نریش بلیان کو معافی مانگنا پڑے گی۔ ہیما مالنی سینیر اداکارہ اور پارٹی کی سرکردہ رہنما ہیں۔ ان کے بارے میں اس نوعیت کے ریمارکس برداشت نہیں کیے جاسکتے۔

واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان ہمیشہ ٹھنی رہی ہے۔ عام آدمی کے روحِ رواں اور دہلی کے سابق وزیرِاعلیٰ اروِند کیجریوال بی جے پی کے سب سے بڑے ناقد رہے ہیں اور اُنہوں نے کسی بھی مرحلے پر بی جے پی کے دباؤ کے آگے جھکنے کا عندیہ نہیں دیا۔