امریکی قانون کی رُو سے کسی بھی حلقے کے ووٹرز کو اُن کی اپنی مادری زبان میں بھی ووٹنگ مٹیریل فراہم کیا جانا لازم ہے۔ اگر کوئی کمیونٹی اپنی زبان میں مواد چاہے تو متعلقہ ادارہ اُسے فراہم کرے گا۔
نیو یارک سٹی کے بعض حلقوں میں بنگالی بولنے والوں کی واضح تعداد رہتی ہے۔ یہ لوگ اپنی زبان سے بے حد محبت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ زبان سے اُن کا رشتہ کبھی ختم نہ ہو۔ نیو یارک شہر کے بلدیاتی اداروں نے ووٹنگ کے مرحلے میں بنگالی بولنے والوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے بنگالی زبان میں بھی ووٹنگ مٹیریل فراہم کیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت سے تعلق رکھنے والوں کے بارے میں یہ تصور پایا جاتا ہے کہ وہ ہندی کو ترجیح دیتے ہیں مگر امریکی انتخابات میں یہ بات کھل کر سامنے آئی ہے کہ بھارت سے آبائی تعلق رکھنے والے بہت سے امریکیوں نے ہندی کے بجائے اپنی اپنی مادری یا نسلی زبان کو اپنانے میں دلچسپی لی ہے اور اس کے نتیجے میں کئی زبانیں امریکی بیلٹ پیپرز پر نمودار ہوئی ہیں۔
امریکا اور کینیڈا میں بھی بھارتی نژاد باشندے نسلی اعتبار سے کمیونٹی کی شکل میں رہتے ہیں۔ گجراتی، بنگالی، مراٹھی، راجستھانی، تمل، اڑیا، تیلگو اور ملیالی (ملباری) اپنی اپنی کمیونٹیز بناکر رہنے کے عادی ہیں۔