واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخابات سے چند گھنٹے قبل معروف سیاسی تجزیہ کاروں نے پیشگوئی کی ہے کہ کملا ہیرس امریکا کی صدر بن سکتی ہیں۔
معروف امریکی پروفیسر ڈاکٹر ایلن لیکٹ مین، جو اپنی درست پیشگوئیوں کے لیے شہرت رکھتے ہیں، نے بھی ہیرس کی کامیابی کی پیشن گوئی کی ہے۔
لیکٹ مین، جنہوں نے 1986 سے اب تک 10 میں سے 9 صدور کی کامیابی کی درست پیشگوئی کی، نے کہا ہے کہ ہیرس، سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دیں گی ۔ دوسری جانب، نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ڈیٹا سائنٹسٹ تھامس ملر کا بھی یہی کہنا ہے کہ ہیرس کا پلڑا بھاری ہے۔
امریکی جریدے ’فورچون‘ کے مطابق، انتخابی مہم کے آخری لمحات میں عوامی رجحان اچانک ہیرس کے حق میں ہوگیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اب ہیرس واضح برتری میں ہیں، جبکہ ایک ہفتہ قبل یہ رجحان ٹرمپ کے حق میں تھا۔